سکھر میں ریلوے کا تجاوزات کے خلاف آپریشن، متعدد گھر مسمار

Last Updated On 15 December,2018 06:38 pm

سکھر: (دنیا نیوز) ریلوے کی کارروائی پر علاقہ مکین مشتعل ہو گئے، ڈنڈا بردار افراد نے ٹائر جلا کر شہر کی اہم شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی۔

سکھر میں پاکستان ریلوے کی جانب سے ریلوے کی اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، اس سلسلے میں ریلوے کے عملے نے ریلوے پولیس کی مدد سے نیوپنڈ اوور ہیڈ برج کے قریب علاقے میں کارروائی کی تو علاقہ مکین مشتعل ہو گئے، انہوں نے ریلوے کے عملے سے مزاحمت کی اور ڈنڈے ہاتھوں میں اٹھا کر شہر کی مین شاہراہ ریس کورس روڈ پر ٹائر جلائے اور احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کی آمد و رفت معطل کر دی۔

اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریلوے کا عملہ تجاوزات کی آڑ میں ہم غریبوں کو بے گھر کر رہا ہے، ہم سالوں سے ان گھروں میں مقیم ہیں اگر ہم قابضین ہیں تو پہلے کیوں نہیں کارروائی کی گئی۔