پشاور میں بی آر ٹی منصوبہ کے نقشے میں ایک بار پھر تبدیلی

Last Updated On 13 November,2018 12:09 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں بی آر ٹی منصوبہ کے نقشے میں ایک بار پھر تبدیلی کر دی، بنے بنائے ٹریک کو ایک بار پھر اکھاڑ دیا گیا، نقشے میں تبدیلی سے منصوبے کی تکمیل بھی خواب بن گئی۔

پشاور کے مین جی ٹی روڈ پر ہشتنگری میں سڑک کے وسط میں ویرانی کا عمل ایک بار پھر شروع ہوگیا، بی آرٹی کے نقشے میں مبینہ طور پر رد وبدل کے بعد تیار ٹریک کو دوبارہ اکھاڑ دیا گیا۔ شہرمیں جاری ویرانی، آبادی اور پھر ویرانی کے عمل نے جہاں بی آر ٹی کی تکمیل کو ایک خواب بنا دیا وہیں شہری بھی عاجز آگئے، دوبارہ سڑک کو اکھاڑنے پر حکومت کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

بی آر ٹی منصوبے کے نقشے میں ایک اندازے کے مطابق 30 بار تبدیلیاں کی گئیں، حکام کے مطابق ہشتنگری میں بی آر ٹی سٹیشن کا قیام تجویزکیا گیا ہے، عام ٹریفک کےلیے راستہ چوڑا کرنے کے لیے ٹریک کو توڑا جا رہا ہے۔

بی آر ٹی منصوبہ بلاشبہ پشاور شہر میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا تاہم بار بار تبدیلی سے جہاں لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں منصوبے کی تکمیل بھی مزید تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔