حلقہ 78 ناروال میں دوبارہ گنتی، ابرار الحق کی درخواست خارج

Last Updated On 24 October,2018 05:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 78 ناروال میں دوبارہ گنتی کی پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کی درخواست خارج کر دی ہے۔

رکن الیکشن کمیشن سندھ غفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے این اے 78 ناروال میں دوبارہ گنتی کے لئے درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے رہنما ابرار الحق اور ن لیگ کے احسن اقبال کے وکلا پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ حلقہ میں انتخابی ریکارڈ گم ہے، دوبارہ گنتی کرائی جائے۔ احسن اقبال کے وکیل نے دوبارہ گنتی کی درخواست کی مخالفت کی۔

کمیشن نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے ابرار الحق کی حلقے میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کر دی۔