آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل، شہباز شریف کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا

Last Updated On 15 October,2018 11:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کے ملزمان سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف، احد چیمہ اور فواد حسن فواد کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

 

احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کی سماعت آج ہو گی۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد دوبارہ پیش کیا جائے گا۔

شہباز شریف پر آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو دینے کا الزام ہے۔ سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 5 اکتوبر گرفتار کیا گیا تھا جبکہ 6 اکتوبر کو انھیں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: احتساب عدالت میں پیشی سے قبل نیب کی شہباز شریف سے تحقیقات

دوسری جانب آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن کیس میں گرفتار شہباز شریف کی آج احتساب عدالت پیشی کے معاملے پر ڈی جی نیب لاہور کا بڑا اقدام سامنے آ گیا ہے۔

ڈی جی نیب نے ملزمان کی پیشی کے حوالے سے جوڈیشل گارڈ کی خدمات حاصل کرنے سے روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ نیب افسران خود تمام ملزمان کو احتساب عدالت میں ریمانڈ کے حصول کیلئے پیش کرینگے۔

ڈی جی نیب لاہور کا کہنا ہے کہ جوڈیشل گارڈ کا نامناسب اقدام نیب کیلئے سُبکی کا باعث بنا تھا۔ نیب افسران کو ملزمان کی احتساب عدالت میں پیشی کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔