لاہور: ( دنیا نیوز) لاہور سے ضمنی الیکشن کا معرکہ مسلم لیگ ن نے مار لیا، مسلم لیگ ن نے چاروں نشستیں جیت کر لاہور سے کلین سویپ کر لیا۔ لاہور میں چار نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے جن میں دو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 اور 131 جبکہ دو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 164 اور 165 شامل ہیں۔
حلقہ این اے 124 میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میدان مار لیا وہ 79709 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ این اے 131 کی نشست چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خالی کی تھی جس پر مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق 60352 ووٹ لے کر کامیاب ہو ئے۔
دو صوبائی نشستیں پی پی 164 اور 165 مسلم لیگ ن کے صدر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے خالی کی تھیں۔ پی پی 164 سے مسلم لیگ ن کے سہیل شوکت بٹ 33890 ووٹ لے کر کامیاب ہو ئے۔ پی پی 165 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف الملوک کھو کھر 28589 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ دریں اثنا سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان چور دروازے سے آئے، عوام نے عمران خان کومسترد کر دیا، ثابت ہو گیا عمران خان عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں، کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے دو گنا ووٹ حاصل کئے، حکومت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، انہوں نے کہا 1990 کا ریکارڈ حلقے میں بر قرار رہا، اللہ تعالیٰ نے تاریخی فتح سے سرفراز کیا۔
قبل ازیں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لاہور سے ن لیگ نے میدان مارلیا ہے، ہم اپنی فتح پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، عوامی مینڈیٹ کا راستہ نہیں رکنا چاہئے، ہمیں کسی کو چیلنج کرنا اور نہ ہی کسی سے جھگڑا کرنا ہے، الیکشن کمیشن کے دائرہ کار کو چیلنج نہیں کیا، کامیابی کے بعد کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان مسلم لیگ نے ضمنی انتخاب میں فقید المثال کامیابی حاصل کی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شفاف جمہوریت کا سورج طلوع ہوگا، اگر ہم کسی کا راستہ نہیں روکیں گے تو جمہوریت مضبوط ہوگی، ایم ایم اے اور پاکستان پیپلزپارٹی نے ہماری مدد کی ہے، ان کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے زندگی کے قیمتی سال قید میں گزارے ہیں، عوامی امنگوں سے چلنے والا پاکستان ہمارا خواب ہے، میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کی قیادت میں کاروان جمہوریت آگے بڑھتا رہے گا۔