ایڈن سکینڈل میں ملوث افتخار چودھری کا داماد دبئی سے گرفتار

Last Updated On 26 September,2018 06:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایڈن ہاؤسنگ سکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی، سابق چیف جسٹس افتخارچودھری کے داماد مرتضٰی کو دبئی سے گرفتار کر لیا گیا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات فواد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے داماد مرتضیٰ کو دبئی میں گرفتارکیا گیا ہے، سکینڈل میں انکے بیٹے اور بیٹی کا نام بھی شامل ہے، حتمی رپورٹ جلد وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے لاہور میں احتجاج ریکارڈ کرایا، ملزم مرتضیٰ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے داماد ہیں، مرتضیٰ کو دبئی میں ایف آئی اے نے گرفتار کیا۔

یاد رہے کچھ روز قبل عمران خان کے لاہور پہنچنے پر ان کی رہائشگاہ کے باہر ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے احتجاج کیا تھا۔ اس موقع پر مظاہرین اور پولیس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا تھا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ نے پلاٹ کیلئے رقم لے لی لیکن قبضہ نہیں دیا۔ متاثرین نے وزیراعظم سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے ہاﺅسنگ سوسائٹی سے رقم واپس دلانے کا مطالبہ کیا تھا۔