اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کیلئے اُمیدواروں کو کل سکروٹنی کیلئے بلا لیا۔ شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو فون کیا اور پیپلز پارٹی سے رابطے بحال رکھنے پر زور دیا۔
صدارتی الیکشن کا میدان سجنے میں چھ روز باقی ہیں، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ٹرائی اینگولر سیریز ہو گی۔ عارف علوی، اعتزاز احسن اور فضل الرحمان اب تک میدان میں موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن نے صدارتی امیدواروں کو بدھ کے روز سکروٹنی کیلئے بلا لیا ہے۔ امیدواروں کے تجویز اور تائید کنندگان سے کہا گیا ہے کہ جانچ پڑتال کے مرحلے کی تکمیل کیلئے اصل شناختی کارڈ بھی ساتھ لے کر آئیں۔
ادھر اپوزیشن الائنس کی بڑی جماعتوں کے درمیان اب بھی متفقہ امیدوار لانے کیلئے رابطے جاری ہیں۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کیا اور نامزد صدارتی امیدوار پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی سے رابطے بحال رکھے جائیں۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری اب بھی کوشش ہے کہ صدارتی امیدوار ایک اور متفقہ ہو۔