اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت ممنون حسین نے وزیرِاعظم کی ایڈوائس پر عمران اسماعیل کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
کابینہ ڈویژن نے عمران اسماعیل کو گورنر تعینات کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے۔ عمران اسماعیل پیر کے روز اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عمران اسماعیل سے گورنر سندھ کا حلف لیں گے۔ عمران اسماعیل سندھ کے 33ویں گورنر ہوں گے، ان سے قبل ن لیگ کے زبیر عمر گورنر سندھ تھے۔
گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری ملنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے کہا کہ وہ یہ عہدہ ملنے پر عمران خان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مجھ پر بھروسہ اور اعتماد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں گورنر کی حیثیت سے وفاقی کی نمائندگی اور سندھ کے مسائل کے حل کے لیے پُل کا کردار ادا کروں گا، سندھ کی عوام مجھے اپنے درمیان پائیں گے، سندھ کی ترقی میری ترجیح ہو گی۔