نواز اور دیگر کی سزا معطلی کی درخواستیں: دلائل نہ دینے پر نیب کو 10 ہزار جرمانہ

Last Updated On 16 August,2018 03:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرد صفدر کی درخواست ضمانت پر نیب پراسیکیوٹر کو پیر کے روز تک ہر صورت دلائل مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کا وقت ضائع کرنے پر نیب کو 10 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔

دو رکنی بنچ نے نیب پراسیکیوٹر سے دلائل شروع کرنے کا کہا تو انہوں نے جواب دیا مجھے ہدایات لینی ہیں، مہلت دی جائے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا آپ کس سے ہدایات لیں گے ؟ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا پراسیکیوٹر جنرل سے ہدایات لینی ہیں کہ پیروی جاری رکھوں یا نہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے خواجہ حارث کو مخاطب کر کے کہا آپ کو پتہ ہے سات سے دس سال تک قید ہو تو کچھ عرصہ سزا کاٹنے کے بعد درخواست قابل سماعت ہوتی ہے، کیس کی اہمیت اور حالات کی وجہ سے روایت سے ہٹ کر سن رہے ہیں۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ دو روز میں پیراوائز جواب جمع کرائیں جبکہ پیر کے روز دلائل مکمل کرلیں۔