لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے چین میں پھنسے پاکستانیوں کے معاملے پر نجی ایئرلائنز کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ پیر سے پہلے تمام مسافروں کو واپس لایا جائے۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے از خود نوٹس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے نجی ایئر لائن کے مالک احسان صہبائی منگل کو طلب کرلیا۔ عدالت نے سول ایوی ایشن کو پرواز روانگی کی رپورٹ ڈیڑھ گھنٹے میں دینے کا حکم دے دیا۔
ریجنل ڈائریکٹر نجی ایئر لائن نے عدالت کو بتایا کہ گوانگ زو میں سعودی ایئر لائنز کے علاوہ تمام فلائٹس معطل تھیں، فلائٹ کیلئے 3 بجے کی چیک بک دی گئی ہے، لاہور سے گوانگ زو کیلئے صرف ہماری فلائٹس جاتی ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نجی ایئر لائن کے ابریز صاحب کو بھی طیارے میں ساتھ بھیجیں گے، اسلام آباد سے گوانگ زو روزانہ چائنہ ایئرلائن کی فلائٹ جاتی ہے، کوئی بھی جہاز جو غیر محفوظ ہو، مسافروں کو لینے نہیں بھیجنا۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا نجی ایئرلائن نے پیسے بچانے ہیں تو علیحدہ بات ہے۔