وزیرِاعظم ہاؤس یونیورسٹی بنے گا یا عجائب گھر؟

Last Updated On 31 July,2018 07:17 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں واقع وزیرِاعظم ہاؤس کو تعلیمی ادارے میں تبدیل کرنے کے اعلان کے بعد وفاقی دارالحکومت کے حلقوں میں ایوانِ وزیرِاعظم کے مجوزہ استعمال کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

وزیرِاعظم ہاؤس کو اس سے قبل بھی تعلیمی ادارے میں بدلنے یا پھر عوامی استعمال میں لانے کے اعلانات ہوتے رہے ہیں لیکن ان پر کبھی عمل نہیں ہو سکا۔ طلبہ نے پی ایم ہاؤس کو تعلیمی ادارے میں تبدیل کرنے کے عمران خان کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے آنے والی حکومت کے لیے ایک اچھا آغاز قرار دیا ہے لیکن بعض لوگوں کے خیال میں یہ اتنا آسان کام نہیں ہو گا جتنا بظاہر لگتا ہے۔

اسلام آباد میں واقع قائدِاعظم یونیورسٹی کی ایک طالبہ سنینا طاہر نے کہا کہ اگر پی ایم ہاؤس کو لائبریری یا پھر کسی تعلیمی ادارے میں تبدیل کیا جائے تو اس سے ریڈ زون کے علاقے تک عام آدمی کی رسائی ہو جائے گی اور اس سے طلبہ کو ایک مثبت پیغام جائے گا۔

اس طرح کی تمام سرکاری رہائش گاہوں پر ماہانہ لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔ میرے خیال میں وزیرِاعظم کا جو کام ہے وہ زیادہ اہم ہے نہ کہ رہائش گاہ جہاں سے اس نے کام کرنا ہے۔

خیال رہے کہ 19-2018ء کے وفاقی بجٹ میں وزیرِاعظم ہاؤس کے لیے 98 کروڑ 60 لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ اسلام آباد کے ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے مطابق وزیرِاعظم ہاؤس آٹھ سو کنال پر مشتمل ہے جس میں وزیرِاعظم کی رہائش گاہ اور ان کے سٹاف کے لیے رہائشی اپارٹمنٹس بھی موجود ہیں۔

اسلام آباد کی کامسیٹ یونیورسٹی کے طالبِ علم معیذ ناصر کا خیال ہے کہ اسلام آباد کی بیوروکریسی اس طرح کا قدم اٹھانے میں عمران خان کے راستے میں رکاوٹیں ڈالے گی۔ اس سے قبل سابق وزیرِاعظم نواز شریف بھی 1997ء اور 2013ء میں وزیر اعظم بننے کے بعد پی ایم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا اعلان کر چکے ہیں لیکن اس پر عمل درآمد کی راہ میں سکیورٹی کے مسائل آڑے آ گئے تھے۔

خود عمران خان نے بھی 2013ء کے انتخابات میں خیبر پختونخوا میں اپنی جماعت کی حکومت بننے کے بعد پشاور کے وزیرِاعلیٰ اور گورنر ہاؤسز کو تعلیمی اداروں میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ان کے اس وعدے پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔

قائدِاعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ تاریخ کے پروفیسر الہان نیاز کا کہنا تھا کہ پی ایم ہاؤس کی حساس لوکیشن کی وجہ سے اسے کسی پبلک تعلیمی ادارے میں بدلنا بہت مشکل ہو گا لیکن یہاں سول سروس اکیڈمی کی طرح کا کوئی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے امریکہ کے ایوانِ صدر کا حوالہ دیتے ہوئے تجویز دی کہ وزیرِاعظم ہاؤس کو وائٹ ہاؤس کی طرح میوزیم میں بدلا جا سکتا ہے جس سے عوام کو ہمارے حکمرانوں کا شاہانہ انداز دیکھنے کا موقع ملے گا۔

پروفیسر الہان نیاز کے بقول ”پاکستان بننے کے بعد ہمارے اکثر حکمرانوں نے نو آبادیاتی دور سے بھی زیادہ شاہانہ طرزِ زندگی اپنایا اور عوام کے ٹیکسوں سے محلات نما سرکاری گھر تعمیر کرائے“۔

عمران خان کے وزیرِاعظم بننے کے بعد بنی گالا میں ہی مقیم رہنے کی تجویز کے بارے میں پروفیسر الہان کہتے ہیں کہ اس صورت میں وزیرِاعظم کی بنی گالا کی رہائش گاہ کی سکیورٹی اپ گریڈ کرنا ہو گی جو سرکاری خزانے پر اضافی بوجھ بنے گی۔ اس لیے وزیرِاعظم کو منسٹر انکلیو میں ہی رہنا چاہیے اور اگر وہ چاہیں تو بنی گالا کی رہائش گاہ کو پارٹی کی سرگرمیوں کے لیے ذاتی خرچ پر چلا سکتے ہیں۔

عمران خان سے پہلے ان کے پیش رو سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیرِاعظم ہاؤس کے بجائے اسلام آباد میں اپنے نجی گھر میں رہائش کو ترجیح دی تھی لیکن سرکاری امور انجام دینے کے لیے انہوں نے وزیرِاعظم ہاؤس ہی استعمال کیا تھا۔