این اے 95 میانوالی: عمران خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

Last Updated On 25 June,2018 12:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) این اے 95 میانوالی سے عمران خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی، ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس فیصل زمان خان نے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

 عمران خان نے ریٹرنگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف ایپلٹ تریبیونل میں اپیل دائر کی ، وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا عمران خان نے اپنے مکمل اثاثے ظاہر کیے ہیں، ریٹرنگ آفیسر نے تکنیکی بنیادوں پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے، حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے، بروقت بیان حلفی جمع نہ کرانے کا الزام لگا کر کاغذات مسترد کیے گئے۔ وکیل بابر اعوان نے دلائل میں مزید کہا کہ اثاثوں کی مالیت ظاہر نہ کرنے کا الزام لگا کر کاغذات نامزدگی مسترد کیے، عدالت ریٹرنگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے۔

وکیل اعتراض کنندہ جہانداد خان نے کہا عمران خان کے حلف نامہ اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نہیں ہیں، ہر صفحے پر عمران خان کے دستخط مختلف ہیں، عمران خان نے اپنے بچوں کے اثاثے ظاہر نہیں کیے، انہوں نے کاغذات نامزدگی میں دو بیٹوں کا زکر کیا ہے لیکن بیٹی کا زکر نہیں کیا، ریٹرنگ آفیسر نے قانون کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد کیے ہیں۔