جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ، پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع

Last Updated On 16 April,2018 03:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے واقعہ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کروا دی۔

پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے واقعہ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان معزز جج اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور حکومت پنجاب سے واقعہ میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ حکومت ججوں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کرے، پولیس گارڈز کے ہوتے ہوئے فائرنگ کا واقعہ رونما ہونا تشویش کا باعث ہے۔

قرار داد میں کہا گیا کہ واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری میاں شہباز شریف کے سیف سٹی پروگرام کے لئے امتحان ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاستی اداروں کے موثر کردار کیلئے محفوظ فضا کو یقینی بنائیں۔

یاد رہے گزشتہ روز جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر میں فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے۔ سپریم کورٹ ترجمان کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ گذشتہ رات 10:45اور دوسرا صبح 9:45 پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ایک گولی مرکزی دروازے جبکہ دوسری کچن کی کھڑکی پر لگی۔

واقعے کے بعد چیف جسٹس ثاقب نثار جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پہنچے اور واقعے کی خود نگرانی کی۔ آئی جی پنجاب سے بھی رپورٹ طلب کی۔ پولیس اور رینجرز کی نفری بھی جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پہنچی اور معاملے کی تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا۔