پشاور: تحصیل گورگٹھٹری ہیرٹیج ٹریل منصوبہ پر کام آخری مراحل میں داخل

Last Updated On 14 April,2018 08:22 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور شہر میں واقع گھنٹہ گھر کی تاریخ جتنی پرانی ہے اتنی ہی قدیم یہاں کی دکانیں اور مکانات ہیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے تحصیل گورگٹھٹری سے لیکر گھنٹہ گھر تک اس تاریخی مقام کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کا منصوبہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے تاریخی بازار کو اصل حالت میں لانے کے لیے صوبائی حکومت کا منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ پشاور شہر کے وسط میں واقع گھنٹہ گھر کا تاریخی بازار 1900ء میں قائم ہوا تھا۔ کئی دہائیوں تک اس بازار پر تجاوزات مافیا کا قبضہ رہا، جسے اب ختم کرکے اس بازارکی عظمت رفتہ کی بحالی کا بیڑہ خیبرپختونخوا حکومت نے اٹھا لیا ہے۔ بازار کی خوبصورتی کو اصلی حالت میں واپس لانے کے لیے کام زور و شور سے جاری ہے۔ 

تحصیل گورگٹھڑی سے لیکر گھنٹہ گھر تک 450 میٹر طویل ہیرٹیج پائلٹ منصوبے کے تحت بازار کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے بجلی کا نظام زیر زمین بچھادیا گیا ہے، قدیم بازار میں 85 تاریخی مکانوں اور دکانوں کی تزئین وآرائش کا کام بھی اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔
گھنٹہ گھر میں ثقافتی رنگوں کا تاثر دیتی فوڈ سٹریٹ جدید طرز کی بنائی جارہی ہے۔ شہریوں نے بھی حکومت کی جانب سے قدیمی بازار کو اصل حالت میں واپس لانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

پارکنگ بھی بازار سے باہر بنائی جائے گی اور فوڈ سٹریٹ تک صرف پیدل ہی پہنچا جاسکے گا۔ جس کے دوران شہری پشاور کی ثقافت کو دیکھ کر بھی لطف اندوز ہوں گے جبکہ تحصیل گورگٹھڑی پارک کو بھی اسی پراجیکٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کے صوبائی حکومت کے اس منصوبہ پر 33 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔