نقیب قتل کیس:عدالتی حکم پر تعمیل کیوں نہیں ہوئی ؟ معاملے پر سیاست نہیں ہوگی: سپریم کورٹ

Published On 05 Mar 2018 03:17 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نقیب اللہ قتل کیس میں سپریم کورٹ نے آئی ایس آئی ، ایم آئی اور ایف سی کو مفرور سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی تلاش کے حوالے سے رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے استفسار کیا ہم نے آپ کو تمام سکیورٹی اداروں کی مدد دی تھی ، راؤ انوار کیوں گرفتار نہیں ہوا ؟ آئی بی کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی تو چیف جسٹس نے کہا اس میں کچھ نہیں، آئی ایس آئی کی رپورٹ کیوں نہیں آئی ۔ جوائنٹ سیکرٹری نے یقین دلایا کہ ایک ہفتہ مل جائے تو ایم آئی اور آئی ایس آئی کی رپورٹ آجائے گی۔

چیف جسٹس نے کہا نقیب اللہ محسود کے قتل کا بہت دکھ ہے، اس معاملے پر سیاست نہیں ہوگی ، چاہتے ہیں راؤ انوار کی حاضری یقینی بنائی جائے ، ائرپورٹ کی فوٹیج لے کر بندے شناخت کریں ، عدالت میں ہم بلا لیں گے ، پائلٹس کی ڈگریوں کے معاملے کو الگ سے سنیں گے۔