آرمی چیف سے سعودی سفیرکی ملاقات، سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 15 Feb 2018 07:56 PM 

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے مزید دستے سعودی عرب بھجوائے جا رہے ہیں جو سعودی فورسز کو تربیت دیں گے، پاک فوج کا کوئی بھی دستہ سعودی عرب سے باہر تعینات نہیں کیا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی سفیر نواب سعید المالکی نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اور خطہ کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی سکیورٹی تعاون جاری ہے اور پاک فوج کے مزید دستے سعودی عرب بھجوائے جا رہے ہیں جو سعودی عرب میں سعودی فورسز کو ٹریننگ دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ اور پہلے سے موجود دستے سعودی عرب سے باہر تعینات نہیں کئے جائیں گے، پاک فوج خلیج اور دیگر ممالک کے ساتھ بھی سکیورٹی تعاون کر رہی ہے۔


آرمی چیف کا فاٹا عوام کیلئے سہولیات کا اعلان


دوسری جانب، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فاٹا کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فاٹا میں ٹی ڈی پیز کو معاوضے کیلئے وطن کارڈ اب درکار نہیں ہو گا، اس سے پہلے وطن کارڈ معاوضے کی ادائیگی کیلئے بطور شناختی کارڈ درکا ہوتا تھا، آئندہ قومی شناختی کارڈ ہی معاوضے کی ادائیگی کیلئے درکار ہو گا، جن لوگوں کے پاس قومی شناختی کارڈ نہیں ہیں، وہ وطن کارڈ 31 مئی تک استعمال کر سکتے ہیں، اس دوران جن لوگوں کے پاس قومی شناختی کارڈ نہیں، وہ بنوا لیں۔