حلقے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ، ہمارا ایک ایک کارکن بھرپور مقابلہ کرے گا :رہنما پی ٹی آئی
ملتان (دنیا نیوز ) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی خواہش خاک میں مل رہی ہے ، قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت کا موقف سننے کے بعد اپنا موقف دینگے اور اس قومی ایشو پر سیاست نہیں کی جائیگی ۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود کا کہنا تھا کہ اسمبلی اجلاس سے بھارت امریکہ اور افغانستان کو ٹھوس پیغام دینا ہوگا ، افغانستان کی عوام کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں ، ہمارے کیمپوں میں ان کے لاکھوں لوگ کئی سالوں سے رہ رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سارے لاہور کی انتظامیہ ن لیگ کے امیدوار کی مہم میں مصروف ہے ، نئے ٹینڈروں کے ذریعے کام کیا جارہا ہے جو کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور اس کا الیکشن کمیشن نوٹس لے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی عدلیہ مخالف پالیسی پر ان کی جماعت کے سینئر رہنما ناراض ہیں ، باشعور طبقہ کہ رہا ہے کہ عدلیہ سے محاذ آرائی درست نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کی مدت 4 سال کرنے کے مشورے کو خاص پذیرائی نہیں ملے گی ۔ آصف زرداری کے نیب ریفرنس سے بریت کی خبر اخبار میں پڑھی ہے اس پر کوئی بات نہیں کر سکتا ۔