سندھ حکومت کا ایڈز آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

Published On 01 December,2024 09:51 pm

کراچی:(ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے موذی مرض ایڈز کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر شہر قائد میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  نے کہا کہ معاشرے میں ایڈز کے بڑھتے ہوئے کیسز تکلیف دہ عمل ہے، اس موذی مرض کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرہ سب کی ضرورت ہے، ایڈز کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی مہم چلانا ضروری ہے، سندھ حکومت ایڈز کے تدارک کیلئے باقاعدہ اقدامات کررہی ہے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے نعرہ لگایا کہ آئیں، زندگی کی قدر کریں اور زندگی کو بچائیں ایڈز کا یہ وائرس انسان کے مدافعتی نظام کو بُرطرح متاثر کرتا ہے جس کے بعد آہستہ آہستہ مہلک ہوجاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاج، دیکھ بھال اور بہتر سپورٹ سے ہم لوگوں کو محفوظ بناسکتے ہیں، اس حوالے سے سندھ حکومت بھرپور آگاہی مہم شروع کرے گی۔