مریم نواز کا صوبے کو مکمل طور پر پولیو فری بنانے کا عزم

Published On 19 October,2024 05:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کو مکمل طور پر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نےپولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کےلئے قابل عمل اور پائیدار پلان طلب کرلیا۔

مریم نواز نے پنجاب کے تمام انٹری پوائنٹس پر مؤثر ویکسی نیشن کمپین کرنے کی ہدایت کی اور پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے اہداف حاصل کرنے کےلئے جامع اور مؤثر ویکسی نیشن کمپین کا حکم دیا، اجلاس کے دوران پنجاب میں موبائل اور مائیگرنٹ پاپولیشن کی ٹریکنگ اور رجسٹریشن کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

دوران اجلاس پولیو کے خاتمے کی ویکسی نیشن مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لئے مائیکرو پلان کاجائزہ لیا گیا ، وزیراعلیٰ پنجاب نے ویکسی نیشن مہم کے دوران گمشدہ بچوں کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کومکمل طورپر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے، ویکسی نیشن مہم کی ذاتی طورپر مانیٹرنگ کررہی ہوں، عوام کے بھرپور تعاون کے ذریعے ہی پولیو وائرس کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ویکسی نیشن مہم کے دوران ایس او پیز کے مطابق کولڈ چین بھی یقینی بنائی جائے، پنجاب میں وائرس سرکولیشن بڑھنا تشویش ناک امر ہے، پولیو ویکسی نیشن کے حوالے سے کمزور اضلاع پر بھرپور توجہ دی جائے۔