پولیو پروگرام،4کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف حاصل

Published On 01 October,2021 04:59 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)پولیو پروگرام کی جانب سے چار کروڑ سے زیادہ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف حاصل کرلیا گیا۔

پولیو پروگرام کے کو آرڈی نیٹر ڈاکٹر شہزاد نے کہا کہ ستمبر میں ہونے والی مہم رواں سال کی تیسری قومی مہم تھی۔ مہم میں وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی گئی ہے۔

ڈاکٹر شہزاد کا کہنا تھا کہ پولیو پروگرام کی مہم میں 3 لاکھ 35 ہزار 387 فرنٹ لائن ورکرز نے گھر گھر جا کر ہدف حاصل کیا۔ جبکہ پولیو کے مکمل خاتمے کا ہمارے پاس سنہری موقع ہے-

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی قیادت، فرنٹ لائن ورکرز اور تمام مکتبہ فکر کے تعاون کے شکر گزار ہیں،موذی مرض کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے جبکہ درپیش چیلنجز کے باوجود موذی بیماری کے مکمل خاتمے کیلئے پرامید ہیں-

کو آرڈی نیٹر کا کہنا تھا کہ پولیو پروگرام درست سمت پر گامزن ہے،رواں برس پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جبکہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس میں واضح کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔