لاہور: (دنیا نیوز) ملک کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے پنجاب سمیت ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز ہو گیا، ایک کروڑ اڑسٹھ لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، پولیو ورکرز کو کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
ملک بھر میں پولیو مہم کا آغاز، پنجاب اور بلوچستان کے علاوہ سندھ میں 7 روزہ مہم کے دوران 90 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائینگے۔ 26 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم میں بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی دیئے جائینگے۔
پولیو مہم کے دوران قطرے پلانے سے انکاری والدین کو قائل کرنے کیلئے محکمہ صحت نے علمائے کرام کی خدمات بھی حاصل کیں لیکن اسکے باوجود مہم کے دوران انکار کرنے والے والدین کیخلاف مقدمات درج کیے گئے۔ موجودہ صورتحال میں بھی محکمہ صحت نے انکاری والدین کو قائل کرنے کیلیے سیاسی، سماجی کیساتھ مذہبی تنظیموں کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
واضح رہے کہ جنوری 2021 میں بلوچستان میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا تھا، اس وقت دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو باقی رہ گیا ہے۔