اظفر رحمن نے اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا

Published On 01 January,2022 07:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار اظفر رحمن نے سوشل میڈیا پر اہلیہ سے متعلق علیحدگی کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا۔

ایک انٹرویو کے دوران اداکار اظفر رحمٰن نے اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگوں کے جھوٹ اور منافقت کی وجہ سے ہی اہل خانہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتے۔

اظفر رحمٰن نے کہا کہ انہیں پاکستانی فلموں کی کم ریلیز اور فلمیں نہ بننے کی وجہ سے ڈر ہے کہ کہیں پاکستان میں سینما بند ہی نہ ہوجائیں۔ سینماؤں میں بھارتی یا ہولی وڈ فلمیں ریلیز ہوتی ہیں تو ان کا کاروبار چلتا ہے، تاہم پاکستانی فلمیں کم بنتی ہیں یا پھر پرانی پاکستانی فلمیں ریلیز کی جاتی ہیں، جس وجہ سے سینماؤں کی کمائی کم ہوجاتی ہے۔

اظفر رحمٰن نے نے ذاتی زندگی پر کھل کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری شادی پسند کی ہے، انہوں نے اہلیہ کو دوستوں کی محفل میں دیکھا اور انہیں شادی کی پیشکش کردی، جس پر وہ رضامند ہوگئیں۔ زندگی کی سب سے اچھی باتیں وہ ہوتی ہیں جن سے متعلق پہلے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی جاتی اور ان کی شادی بھی ایسی ہی تھی۔

سوشل میڈیا پر اہلیہ سے علیحدگی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں اظفر رحمٰن نے واضح کیا کہ ان کی اور اہلیہ کی علیحدگی سے متعلق خبروں میں کوئی سچائی نہیں، ان کی زندگی پرسکون اور اچھی گزر رہی ہے۔ خوشحال شادی شدہ زندگی کو 5 سال مکمل ہونے والے ہیں اور ان کا ایک پیارا سا بیٹا بھی ہے۔

اظفر رحمٰن نے بتایا کہ ان کی اہلیہ فریحہ شیخ نے انہیں سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے سے روک رکھا ہے، وہ نہیں چاہتیں کہ ان کی تصاویر شیئر کی جائیں۔ اس لیے بھی سوشل میڈیا پر ذاتی زندگی اور اہل خانہ کی تصاویر شیئر نہیں کرتا کہ لوگ وہاں پر منفی کمنٹس کرتے ہیں اور تجاویز دیتے رہتے ہیں اس سے اچھا تھا کسی اور سے شادی کرلیتے۔

خیال رہے کہ اظفر رحمٰن نے فروری 2017 میں فریحہ شیخ سے شادی کی تھی، جن کا شوبز انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں، رواں برس فروری میں انہوں نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ انکے ہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ اب اظفر رحمٰن نے بتایا ہے کہ انہیں ایک بیٹا بھی ہے اور وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ انتہائی پرسکون زندگی گزار رہے ہیں۔