ایف آئی اے کا فراڈ کیس میں ماڈل نادیہ حسین سے تفتیش کا فیصلہ

Published On 22 March,2025 02:13 am

کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے فراڈ کیس میں ماڈل نادیہ حسین سے تفتیش کا فیصلہ کر لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی ے کارپوریٹ کرائم سرکل نے اہم شواہد حاصل کرلئے، نادیہ حسین کے سیلون کے اکاؤنٹس میں 2 کروڑ 64 لاکھ روپے سے زائد کی رقم منتقل کی گئی، فراڈ کے پیسے سیلون میں آئے جس کی مزید تفتیش کر رہے ہیں، عاطف خان کمپنی کے پیسوں سے ذاتی اکاؤنٹس چلاتا تھا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں عاطف خان کیخلاف فراڈ کیس کا ایف آئی اے نے عبوری چالان جمع کرا دیا، کمپنی ریکارڈ کے مطابق ملزم عاطف خان نے ذاتی ٹریڈنگ اکاؤنٹ بنا رکھا تھا، 2016 سے 2023 تک ملزم کے اکاؤنٹ میں کمپنی سے 1 ارب سے زائد منتقل ہوئے۔

چالان کے متن کے مطابق ملزم نے فنڈز کو ذاتی ٹریڈنگ کیلئے استعمال کیا، ملزم نے نہ صرف کمپنی فنڈز کو ذاتی ٹریڈنگ میں استعمال کیا بلکہ 107 ملین روپے کا فراڈ کیا۔