لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ و ماڈل نوین وقار نے کہا ہے کہ طلاق خوشی کی بات نہیں بلکہ انتہائی خوفناک ہے لیکن یہ بھی یاد رکھا جانا چاہیے کہ اس پر دنیا کا اختتام نہیں ہوتا۔
نوین وقار نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
طلاق کے معاملے پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ والدین کو یہ سوچنا چاہیے کہ ان کی بیٹی کی زندگی طلاق سے زیادہ اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین اپنی بچیوں کی اس طرح تربیت کریں اور انہیں سمجھائیں کہ اگر کہیں انہیں عزت نہیں مل رہی، انہیں تشدد برداشت کرنا پڑ رہا ہے تو وہ اس رشتے کو ختم کرنے کی ہمت کریں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ خواتین کو بھی یہ بات سمجھنی ہوگی کہ اگر طلاق کے بعد والدین بھی انہیں گھر میں رکھنے کو تیار نہیں تو انہیں اپنے راستے خود بنانے پڑیں گے۔
نوین وقار کے مطابق ان کا یقین ہے کہ خدا نے ہر کسی کا نصیب لکھا ہوتا ہے اور ہر کسی کی زندگی میں وہی باتیں ہونا ہوتی ہیں جو ان کے نصیب میں لکھی جا چکی ہوتی ہیں، اس لیے لڑکیوں کو طلاق کے وقت یہ سوچ کر پریشان نہیں ہونا چاہیے کہ اگر والدین نے بھی انہیں نہیں رکھا تو کیا ہو گا؟
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو یہ سوچنا چاہیے کہ اگر خدا نے انہیں اتنی بڑی مشکل سے نکالا ہے تو اسی نے ان کے لیے آگے بھی بہت کچھ کر رکھا ہو گا۔