خود کو جاننے سے پہلے شادی نہ کریں: میکال ذوالفقار کا مشورہ

Published On 15 December,2023 11:27 am

لاہور: (فہیم حیدر) معروف اداکار میکال ذوالفقار نے نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ جب تک آپ خود کو سمجھ نہ لیں شادی نہ کریں۔

 پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار میکال ذوالفقار نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مقبول ترین شو "مذاق رات" میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری اور نجی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

شو کے میزبان عمران اشرف کی جانب سے میکال ذوالفقار کو شادی کرنے والوں کیلئے ایک تجویز دینے کا کہا گیا جس پر اداکار نے مشورہ دیتے ہوئے کہا "جس سے شادی کرنے والے ہیں پہلے اس کو سمجھیں، سامنے والے انسان کو جاننا ضروری ہے"۔

انہوں نے مزید کہا کہ "میری تجویز ہے کہ خود کو بھی اچھی طرح جانیں، فوراً شادی کا فیصلہ کرنا صحیح نہیں ہے"۔

یاد رہے کہ میکال ذوالفقار کا شمار پاکستان کے معروف اداکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے سال 2010 میں ماڈل و اداکارہ سارہ بھٹی سے شادی کی تھی جو 2017 میں طلاق پر ختم ہوئی، سارہ بھٹی سے میکال ذوالفقار کی 2 بیٹیاں بھی ہیں۔