خواتین کو مالی طور پر مستحکم اور خود مختار ہونا چاہیے : علیزہ سلطان

Published On 16 March,2023 02:32 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار فیروز خان کی سابق اہلیہ اور ماڈل علیزہ سلطان نے کہا ہے کہ خواتین کو مالی طور پر مستحکم اور خود مختار ہونا چاہیے اور خود کو سب سے زیادہ اہمیت دینی چاہیے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سوال جواب کے سیشن کے دوران علیزہ سلطان نے ایک مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ اپنی زندگی کی حدود بنائیں اور اپنے انتہائی قریب رہنے والے شخص سے بھی تھوڑا سا فاصلہ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ ہر وقت خدا کا ذکر کیا کریں، خاندان سے جڑے رہیں، زندگی میں پیچھے کبھی مڑ کر نہ دیکھیں اور اپنے آپ کو سب سے زیادہ اہمیت دیں۔

انہوں نے ایک مداح کو جواب دیتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد ہی’مانی فیسٹ آن لائن‘ کے نام سے اپنا آن لائن کلاتھنگ سٹور متعارف کرائیں گی۔

یاد رہے کہ علیزہ سلطان اور فیروز خان نے ستمبر 2022 میں طلاق کی تصدیق کی تھی، دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔