غیر اخلاقی جملے اور جنسی اشارے، فلم لفنگے کی ریلیز پر پابندی عائد

Published On 05 July,2022 09:15 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) غیر اخلاقی جملوں اور جنسی اشاروں کے باعث فلم لفنگے کی عید الاضحٰی پر ریلیز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پاکستان سینسر بورڈ کی جانب سے کامیڈی ہارر فلم لفنگے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا اور وجہ یہ بتائی گئی کہ اس فلم میں غیر اخلاقی الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے۔

اداکار سمیع خان، مانی، سلیم معراج، مبین گبول اور نازش جہانگیر کی فلم کا ٹریلر گزشتہ ماہ جون کے آخر میں ریلیز کیا گیا تھا اور اسے عید الاضحیٰ پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ فلم کی کہانی 4 ایسے نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جن کے خواب بڑے ہوتے ہیں مگر وہ ان کی تکمیل کا طریقہ نہیں جانتے۔

ہدایت کارعبدالخالق خان اور پروڈیوسر طارق حبیب رند کی فلم میں نازش جہانگیر نے بھوتنی کا روپ دھارا ہے مگر اب مرکزی فلم سینسر بورڈ نے اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔