کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے معروف کامیڈین اداکار عمر شریف کے علاج کے لیے رقم جاری کر دی۔ دوسری طرف عمر شریف کی اہلیہ نے دوران علاج ہسپتال سے تصویر وائرل ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
کامیڈین اداکار عمر شریف کے علاج کے لیے سندھ حکومت آگے آ گئی، محکمہ خزانہ سندھ نے کامیڈین کے علاج کے لیے چار کروڑ روپے کی رقم جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سندھ حکومت نے عمر شریف ایئر ایمبولینس کا بندوبست کردیا۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے عمر شریف کی عیادت کرکے مالی امداد کا وعدہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے بھی کامیڈین اداکار کا علاج کرانے کے لیے بھرپور مدد کا اعلان کیا تھا، گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا تھا کہ عمر شریف کا علاج امریکا میں کروانے کے لیے ویزے کی درخواست سفارتخانے میں جمع کروا دی ہے۔
اُدھر سینئر اداکار عمر شریف کی دوران علاج ہسپتال سے تصویر وائرل ہونے پر ان کی اہلیہ زرین عمر نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ دل کے عارضے میں مبتلا لیجنڈ اداکار عمر شریف کی سوشل میڈیا پر ہسپتال سے علاج کے دوران لی گئی تصویر وائرل ہورہی ہے۔ تصویر میں عمر شریف اسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہوئے ہیں اور بہت کمزور لگ رہے ہیں۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس تصویر کو شیئر کرواکر عمر شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی جارہی ہے۔
تاہم عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے اپنے شوہر کی تصویر وائرل ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیس بک پر لکھا کہ لوگوں کو ہسپتال سے نجی تصاویر شیئر کرتے دیکھنا بہت افسوسناک ہے۔ محض چند لائکس اور شیئر کے لیے بغیر تصدیق کے کچھ بھی شیئر نہ کریں۔
اس پوسٹ کے ساتھ ہی زرین عمر نے اچھی خبر بھی شیئر کرتے ہوئے کہا ڈاکٹرز کے مطابق عمر شریف کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور وہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے سفر کرنے کے قابل ہیں۔ میں زرین عمر ویزا کے جلد عمل کے لیے وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔
اس کے علاوہ انہوں نے ایئرایمبولینس کے اخراجات برداشت کرنے پر سندھ حکومت، بلاول بھٹو زرداری، مرتضیٰ وہاب اور سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔