اداکارہ صبا قمر نے جیون ساتھی چن لیا، جلد شادی کا ارادہ

Published On 26 March,2021 02:49 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) اداکارہ صبا قمر نے جیون ساتھی چن لیا ہے اور بہت جلد وہ شادی کرنے والی ہیں۔

اداکارہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد وہ شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہی ہیں اور ان کا جیون ساتھی وہی سوشل میڈیا صارف ہے جس کو اداکارہ نے قبول ہے کہا تھا۔

صبا قمر نے کہا کہ مجھے وہ شخص مل گیا ہے جس کے ساتھ اب مجھے گھر بسانا چاہیے، میں ہمیشہ سے شادی کے خلاف تھی تاہم اس نے میری سوچ بدل دی اور مجھے شادی کیلئے قائل کرلیا، اگر تمام چیزیں ٹھیک رہیں تو بہت جلد ہم شادی کرلیں گے۔

اداکارہ نے جیون ساتھی سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ عظیم ہی وہ شخص ہے جس نے پوسٹ پر مجھے شادی کے لیے کہا تھا، عظیم کا تعلق کراچی سے ہے تاہم ابھی آسٹریلیا میں رہائش پذیر ہے۔ اداکارہ نے اپنی شادی کی تاریخ تو نہیں بتائی تاہم انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست ضرور کی ہے۔