تھائی لینڈ سے واپس آنیوالے اداکارہ صنم سعید اور شمعون عباسی کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آ گئے

Last Updated On 21 April,2020 04:48 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے باعث تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانی فنکاروں کو جب واپس لایا گیا تو ان کے ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ان کے نتائج سامنے آ گئے ہیں، تمام فنکاروں کے نتائج منفی آ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث نافذ ہوئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان کے نامور اداکارہ محب مرزا، صنم سعید، شمعون عباسی اور سارہ لورین اپنی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی ٹیم کے ہمراہ تھائی لینڈ میں پھنس گئے تاہم حکومت سے اپیل کے بعد ان اداکاروں کو اپنی ٹیم سمیت رواں ماہ پاکستان واپس لایا گیا۔ پاکستان واپس آنے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فلم کی پوری ٹیم کے کورونا ٹیسٹ بھی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ صنم سعید، شمعون عباسی سمیت 21 افراد تھائی لینڈ میں پھنس گئے

اور اب اداکار شمعون عباسی نے فیس بک پر اعلان کیا کہ کہ ان کے اور دیگر ساتھیوں کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔

نینشل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے دی گئی اپ ڈیڈ مداحوں کو بتاتے ہوئے شمعون عباسی نے لکھا کہ تھائی لینڈ سے پی کے 8893 پرواز سے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں اور سب اب ہوٹلوں سے اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں۔

 انہوں نے مزید لکھا کہ اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت اور ان کی ٹیم اس معاملے کو سنبھال رہی ہے۔

شمعون عباسی نے پاکستان واپسی آنے کے بعد مقامی ہوٹل پر بھتہ خوری کا الزام بھی عائد کیا تھا تاہم اب انہوں نے لکھا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس ناخوشگوار تجربے کے بعد کچھ بہتر کام بھی کیے گئے۔ جس ہوٹل میں میں ٹھہرا تھا وہاں کا عملہ میری فیملی جیسا ہی بن گیا تھا۔

دوسری جانب صنم سعید نے بھی کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹوئٹ کی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا۔

صنم سعید کے مطابق ایسے وقت میں ہم سب ہی ڈریں ہوئے ہیں، اس لیے اپنے غصے کا اظہار کرنے میں کوئی برائی نہیں، وہ اصل میں ڈر ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں حکام کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جنہون نے اس مسئلے کو حل کیا اور سب کے لیے آسانی پیدا کی، اب میرے لیے بس آخری رکاوٹ یہ ہے کہ مجھے باخفاظت کراچی پہنچنا ہے اور ایک ہفتے کے لیے خود کو قرنطینہ کرنا ہے۔

خیال رہے کہ شمعون عباسی اور صنم سعید نے اس سے قبل پاکستان واپس آنے کے بعد حکام اور ہوٹل انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ دونوں اداکاروں نے ہوٹل انتظامیہ پر بھتہ لینے اور برا سلوک کرنے کا الزام لگایا تھا۔

یاد رہے کہ یہ دونوں اداکار اپنی باقی ٹیم کے ہمراہ گزشتہ ماہ تھائی لینڈ میں فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ کے لیے موجود تھے، تاہم کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہ اپنے ہوٹل میں ہی محصور ہوگئے۔ فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ محب مرزا کی ہدایات میں بننے والی پہلی فلم ہوگی جبکہ وہ اس میں اداکاری کرتے بھی نظر آئیں گے۔