شکارپور :(دنیا نیوز) سندھ کے علاقے شکار پور میں پولیس مقابلے میں 10لاکھ سرکی قیمت والے سمیت 2ڈاکو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ رستم کے علاقے تھانھریو روڈ کے قریب ملزمان پولیس موبائل پر حملہ کرکے سرکاری اسلحہ چھیننے کی کوشش کررہے تھےکہ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او رستم خمیسو خان بروہی اپنے نفری کے ہمراہ پہنچ گئے۔
ڈاکوؤں نے پولیس کی مزید نفری پہنچے پر فائرنگ شروع کردی، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک زخمی ڈاکو کو کلاشنکوف سمیت گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت علی محمد عرف ٹکو ولد لکھمیر گھرانی جتوئی کے نام سے ہوئی ہے، زخمی ڈاکو علاج معالجہ کیلئے تحصیل ہسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکو پر سندھ گورنمنٹ کی جانب سے 10 لاکھ انعام مقرر تھا، ملزم پولیس مقابلے، ڈکیتی، چوری، قتل، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان و دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھا، جس کے خلاف مختلف تھانوں میں 10سے زائد مقدمات درج ہیں۔
دوسری جانب سندھ پولیس کا یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہےکہ 12 گھنٹوں میں مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متعدد ڈاکو زخمی ہوئے ہیں، فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ڈاکوؤں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا بہت جلد قلع قمع کیا جائے گا۔