بہاولپور: جائیداد کے تنازع پر فائرنگ سے ماں بیٹی جاں بحق، بیٹا شدید زخمی

Published On 14 May,2024 05:13 am

بہاولپور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے بعد بہاولپور میں بھی زمین کا تنازع 2 قیمتی جانیں نگل گیا۔

تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے نواحی علاقے میں باپ بیٹے نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون اور اس کی بیٹی موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک بیٹا شدید زخمی ہو گیا، فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

والد کیساتھ مل کر فائرنگ کرنے والا بیٹا اہلکار نکلا، ملزموں کا مقتولین سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، واقعے کی بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے۔

قبل ازیں صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی جائیداد کے تنازع پر ملزمان نے فائرنگ کر کے ماں اور بیٹے کو قتل کر دیا، مقتولہ عائشہ اپنے 15 سالہ بیٹے کے ساتھ سیشن کورٹ جا رہی تھی کہ 5 بیدیاں روڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فائرنگ سے ماں اور بیٹے کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔