لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گلی محلوں میں نکاسی آب کا پائیدار نظام وضع کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت لوکل گورنمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈرینج و سیوریج سسٹم اور گلیوں کی مرمت وبحالی پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں مضافاتی آبادیوں میں سٹریٹ لائٹس، پارک اینڈ ہارٹیکلچر پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور کے ہر علاقے میں بلاامتیاز ڈویلپمنٹ کرائی جائے، کوئی حصہ محروم نہ رہے، شہر کی کوئی گلی کچی نہ رہے، پانی کے نکاس کا پائیدار نظام بھی وضع کیا جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ واسا، ایم سی ایل اور دیگر متعلقہ ادارے مربوط اور منظم انداز میں کام کریں، کسی گلی محلے میں کھڑے پانی سے عوام کو ہونے والی تکلیف برداشت نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹوٹی گلیوں، محلوں اور سڑکوں پر کھڑا گندا پانی اور ابلتے گٹروں کو دیکھنا تکلیف دہ امر ہے، تمام ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔