چکوال: (دنیا نیوز) پولیس نے مدرسے کے 14 طالب علموں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں 2 اساتذہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جس کے بعد مدرسہ انتظامیہ نے دونوں اساتذہ کو برطرف کر دیا۔
جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے طالب علم کے والد اور چچا نے کھلی کچہری کے دوران شکایت درج کروائی، اس کے بعد ڈی پی او چکوال نے متاثرہ طالب علموں سے ملاقات کی۔
شکایت موصول ہونے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے متاثرہ بچوں کا معائنہ کیا جس میں جنسی زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔
مدرسہ کے ترجمان مسعود احمد شاکر کا کہنا ہے کہ ملزم ذیشان اور ملزم انیس کے خلاف طالب علموں کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں جس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج میں الزامات کی تصدیق ہوئی۔
پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔