لاہور: (دنیانیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے7 مبینہ دہشت گردگرفتار کرلیے۔
کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی ) حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں شیر محمد، عبدالخالق ، اکرام اللہ ، نجیب اللہ شامل ہیں ، کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ ، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد حساس تنصیبات اور اہم شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے رواں ہفتے 472 کومبنگ و سرچ آپریشن کیے اور آٹھ ہزار سے زائد افراد کی چیکنگ کے دوران 75 مشتبہ افرادکو گرفتار کیا گیا ہے ۔
حکام کاکہنا ہے کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔