گوجرانوالہ: 3 کاروں پر سوار ملزمان نے تاجر کو اغوا کرلیا، فوٹیج منظر عام پر آگئی

Published On 31 July,2022 06:55 pm

گوجرانوالہ:(دنیا نیوز) تھانہ صدر کے علاقہ جی ٹی روڈ سے تین کاروں پر سوار ملزمان نے کار شوروم کے مالک کو اغوا کر لیا، واقعہ کی سی سی ٹی فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔

گوجرانوالہ میں اغوا کا یہ واقعہ تھانہ صدر کے علاقہ میں پیش آیا جہاں کار شوروم کے مالک نویس کو تین سفید رنگ کی گاڑیوں پر سوار ملزمان نے دن دیہاڑے جی ٹی روڈ سے اغواء کرلیا ہے، اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے تین کاروں پر سوار ملزمان نے گھیرا ڈال کر نویس کو اسی کی گاڑی میں اغوا کیا اور فرار ہو گئے۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان ثاقب اور حمزہ وغیرہ نے نویس کو زبردستی اغوا کیا اور ڈسکہ میں واقعہ ایک رائس مل میں لے جا کر تشدد کرتے رہے جبکہ اس سے 13 لاکھ روپے بھی چھین لیے۔

اس حوالے سے پولیس حکام نے یہ بھی بتایا کہ مغوی نویس کے خلاف بھی ایک مقدمہ تھانہ ڈسکہ میں درج تھا، یہ گاڑیوں کے لین دین کا معاملہ لگتا ہے، تاہم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔