پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت میں حساس اداروں اور کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کےمشترکہ آپریشن میں کوچہ رسالدارخود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ دہشت گرد ساتھی سمیت مارا گیا۔
کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کے مطابق پشاور کے نواحی علاقہ پشتخرہ میں ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جو پشاور میں بڑی کاروائی کی غرض سے خود کش بمبار تیار کرکے علاقہ تھانہ پشتخرہ کے حدود میں موجود ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دورانِ آپریشن دہشت گردوں نے سامنا ہونے پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی،علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ اینڈ کلئیرنس آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
حکام کے مطابق 3 سے 4دہشت گرد موقع سے فرار ہوئے، ہلاک دہشت گرد ماسٹر مائنڈ حسن شاہ کوچہ رسالدارخود کش حملہ ،پولیس پر حملوں سمیت ٹارکٹ کلنگ اور دیگرکئی سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔