پاکستان کسٹمز کی شمالی بحیرہ عرب میں کارروائی، 3 ہزار کلو گرام حشیش برآمد، 7 ملزمان گرفتار

Published On 06 April,2022 02:31 pm

کراچی: (اسلم خان) پاکستان کسٹمز اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے شمالی بحیرہ عرب میں کارروائی کر کے 45 کروڑ روپے مالیت کی تین ہزار کلوگرام حشیش برآمد کرلی، سات ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

کسٹمز ہاﺅس کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ ہنوک بلوچ نے بتایا کہ کسٹمز انٹیلی جنس نے بڑی مقدار میں منشیات کی موجودگی کی اطلاعات فراہم کی تھیں۔ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہمراہ شمالی بحیرہ عرب میں ایک غیرملکی کشتی پر چھاپہ مارا گیا۔

تلاشی کے دوران تین ہزار کلوگرام حشیش برآمد ہوئی، جس کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت 45 کروڑ روپے ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے 7 اسمگلروں سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پریس کانفرنس میں ایم ایس اے حکام بھی موجود تھے۔
۔۔