فیروز والہ: پتنگ بازوں کا پولیس کو اطلاع دینے والے شہری پر بہیمانہ تشدد

Last Updated On 26 May,2020 08:58 pm

فیروز والہ: (دنیا نیوز) پتنگ بازوں کے خلاف شہری کو 15 پر کال چلانا مہنگا پڑ گیا۔ پولیس نے ملزمان کساتھ ساز باز کرکے انھیں چھوڑ دیا، ملزمان کی پولیس کو خبر دینے والے کے گھر دھاوا۔

تفصیل کے مطابق فیروز والہ تھانہ شاہددہ کے علاقہ جیا موسیٰ میں پتنگ بازوں نے قاتل ڈور سے پتنگ کو ہوا میں اڑاتے ہوئے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں۔ خونیں کھیل دیکھ کر شہری مجاہد نے 15 پر پولیس کو خبر دی کہ علاقہ میں لوگ پتنگیں اڑانے کیساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کر رہے ہیں۔

اس پر تھانہ شاہددہ پولیس نے ملزمان کو ڈور اور پتنگوں کے ساتھ پکڑ لیا لیکن ملزمان کو بااثر پا کر پولیس ملزمان سے ساز بار ہو گئی اور اطلاع دینے والے کا فون نمبر دے کر اس کا نام بتا دیا۔

پولیس کے جاتے ہی ملزموں نے ساتھیوں سمیت اطلاع دینے والے شہری مجاہد کے گھر دھاوا بول دیا اور اس کی خوب درگت بنا دی۔ ملزموں نے لڑائی میں ساتھیوں سمیت ڈنڈوں اور سوٹوں کا آزادانہ استعمال کیا جبکہ پولیس با اثر ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔