جعلی ڈگری کیس سکینڈل: دو ملزمان کو 5.5 سال قید کی سزا سنا دی گئی

Last Updated On 19 May,2019 01:25 am

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت لاہور نے جعلی ڈگری کیس سکینڈل میں اہم فیصلہ سنا دیا۔ عدالت میں بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والے 2 ملزمان کو 5.5 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے معروف جعلی ڈگری کیس میں ملزمان جاوید اور سلیم کو سزا سنائی۔ نیب کے مطابق دونوں ملزمان آپس میں بھائی تھے اور سیالکوٹ میں نجی کالج کے ذریعے طلباء کوجعلی ڈگریاں فراہم کرتے تھے۔

نیب کے مطابق ملزم جاوید کے دو بیٹوں طاہر جاوید اور طیب جاوید کو 13 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر کیمپ جیل بھجوا دیا گیا۔ ملزمان طالب علموں کو بغیر تصدیق شدہ ڈگریاں دیتے تھے۔
ملزمان کیخلاف متعدد طلباء اور والدین کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر نیب حرکت میں آیا۔ نیب لاہور نے ملزمان کے خلاف 2016 میں تحقیقات مکمل کرتے ہوئے ریفرنس دائر کیا تھا۔