اسلام آباد: ٹریفک پولیس اہلکار شہری کا پرس لے اڑا

Last Updated On 11 November,2018 06:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس کی ٹریفک برانچ کے ملازم حشمت پر چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف سی سی ٹی وی ویڈیو سے ہوا، نجی سٹور پر ادویات کی خریداری کو آئے شہری کا پرس غائب کرتے باوردی ٹریفک وارڈن کی پہچان اور اس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے۔

اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں شہری محمد حفیظ نے پرس چوری ہو جانے کی شکایت کی، الزام وفاقی دارالحکومت کی ٹریفک برانچ کے اہلکار حشمت کے خلاف تھا جس کو نجی میڈیکل سٹور میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے چوری کرتے دیکھا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم پولیس اہلکار حشمت پرس پر ہاتھ رکھ کر اسے غائب کرتا ہے جبکہ شہری کوٹ اور پینٹ کی جیبیں چھانتا دکان کا چکر لگا رہا ہے۔

ایف آئی آر کے اندراج اور ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید کے علم میں آنے کے بعد واقعہ میں ملوث اہلکار کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے اس کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کیا جا چکا ہے۔