سکھیکی: پسند کی شادی، باپ نے بیٹی، داماد اور نواسوں کو قتل کر دیا

Last Updated On 09 September,2018 06:41 pm

ملتان: (دنیا نیوز) سکھیکی میں پسند کی شادی کرنے پر باپ نے بیٹی، داماد اور نواسوں کو قتل کر دیا، لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ملزم گلزار کو گرفتار کرلیا گیا۔

پسند کی شادی جرم بن گئی، بے رحم باپ نے اپنے ہی ہاتھوں سے بیٹی کا گھر اجاڑ دیا۔ سکھیکی کے علاقے نسوال کی رہائشی ثنا نے 4 سال پہلے پسند کی شادی کی، ثنا کا والد ملزم گلزار بیٹی کی شادی پر خوش نہیں تھا۔

گلزار نے داماد اور بیٹی کو صلح کے بہانے بلایا، رات گھر میں کھانے کے بعد جب سو گئے تو ملزم گلزار بیٹی ثنا، داماد فردوس اور اپنے 2 نواسوں زین اور حسنین کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔ اطلا ع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیا، واقعے کے بعد علاقے میں خوف کی فضا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کی بیٹی ثنا نے کئی بار صلح کی کوششیں کی لیکن ملزم گلزار ٹال مٹول کرتا رہا، آج اس نے بہانے سے بلا کر انہیں قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم گلزار کو گرفتار کر لیا۔