گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ کی تحصیل وزیرآباد میں اشتہاریوں نے فائرنگ کر کے 2 مخالفین کو قتل کر دیا، گولیاں لگنے سے ملزموں کا اپنا ساتھی بھی مارا گیا، مقتولین کے لواحقین نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔
2 ماہ قبل ہونے والا معمولی جھگڑا تین جانیں لے گیا، وزیر آباد میں اشتہاریوں نے فائرنگ کر کے 2 مخالفین کو موت کے گھاٹ اتار دیا، گولیاں لگنے سے ملزموں کا اپنا ساتھی بھی مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد کے رہائشی محسن کا دو ماہ قبل پنچایت کے دوران عباس وڑائچ نامی ملزم سے جھگڑا ہوا تھا۔تھپڑ کے جواب میں عباس نے فائرنگ بھی کی لیکن محسن بچ نکلا، اسی جھگڑے کی رنجش پر ملزم نے پیر کے روز ساتھیوں سمیت سنوکر کلب میں بیٹھے محسن پر دھاوا بول دیا۔ ملزموں کی فائرنگ سے محسن اور اس کا کزن شعیب موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ گولیاں لگنے سے ملزموں کا اپنا ساتھی تنویر بھی مارا گیا۔
تہرے قتل کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں دکانیں اور بازار بند ہوگئے، مقتولین کے لواحقین نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا۔ ٹائر جلائے، پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کی کار بھی جلا دی۔ چار گھنٹے بعد پولیس کے ساتھ مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔