لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی اور فیصل حسنین آج دبئی روانہ ہوں گے۔
ایشیا کپ اور بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) روانگی پر اپنا موقف پیش کرے گا، آئی سی سی اجلاس کے اگلے روز ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ بھی شیڈول ہے جہاں نجم سیٹھی اور فیصل حسنین پاکستان کا مقدمہ لڑیں گے۔
نجم سیٹھی نے حالیہ انٹرویوز میں یہ بات واضح کی ہے کہ اگر ایشیاکپ کھیلنے بھارت پاکستان نہیں آتا تو پھر ہم بھی ورلڈکپ کیلئے وہاں نہیں جائیں گے۔
پاکستانی ٹیم کی بھارت میں سکیورٹی بھی بڑا ایشو ہے جبکہ ہم نے یہ بھی دیکھنا ہے کہ 2025 میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئن شپ کی بھی میزبانی کرنی ہے۔
بھارتی بورڈ نے 10 اکتوبر سے 26 نومبر تک ہونے والے میگا ایونٹ کیلئے متعدد ڈیڈ لائنز گزرنے کے باوجود تاحال آئی سی سی کو ٹیکس چھوٹ کے ساتھ ٹیموں، میڈیا اور فینز کے لیے ویزے جاری کرنے کی دستاویزات نہیں جمع کروائیں۔