لاہور : ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عبدالرحمٰن نے کہا ہے کہ قومی ٹیم افغانستان کو ہرانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، باصلاحیت کرکٹرز افغانستان کے خلاف سیریز میں کارکردگی سے اپنی اہلیت ثابت کریں گے۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی افغانستان کو ہرانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ، ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی اپنے اپنے شعبے کا ماہر ہے۔
عبد الرحمٰن نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ٹیم سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، ٹیم کے پاس اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے تمام صلاحیتیں اور مطلوبہ ٹیلنٹ موجود ہے، لہذا قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر میں کافی پراعتماد ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس ہر قسم کی کرکٹ کے لیے نوجوان کھلاڑی موجود ہیں جو ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں منتخب ہونے والا ہر کھلاڑی اپنے اپنے شعبے کا ماہر ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 24 سے 27 مارچ تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔