راولپنڈی ٹیسٹ: انگلینڈ کا 343 رنز کا ہدف، پاکستان کے 2 وکٹ پر 80 رنز

Published On 04 December,2022 05:18 pm

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی۔ 2 وکٹیں 25 کے سکور پر ہی گر گئیں۔ دن کے اختتام تک 80 رنز بنا لیے۔ قومی ٹیم کو جیت کیلئے مزید 263 رنز درکار ہیں۔

راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاک انگلینڈ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے 499 رنز 7 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا تو آغا سلمان 53، زاہد محمود 17 اور حارث رؤف 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد انگلش ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر بین ڈکٹ صفر، اولی پوپ 15، جو روٹ 73، کپتان بین سٹوکس صفر، ول جیکس 24، ہیری بروکس 87 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ نے اننگز مزید جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز پر ڈکلئیر کردی۔

پاکستان کی جانب سے زاہد محمود، نسیم شاہ اور محمد علی نے 2،2 جبکہ آغا سلمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کو 343 کا ہدف دیا گیا۔ جس کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار ہو گئی۔ امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے اوپننگ کا آغاز کیا تو تھوڑی دیر بعد ہی عبد اللہ شفیق اولی روبنسن کی گیند پر ہیری بروک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اظہر علی بھی امام الحق کا  زیادہ دیر ساتھ نہ دے پائے اور گیند لگنے سے زخمی ہونے کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔

اظہر علی کے کریز چھوڑنے کے بعد کپتان بابر اعظم نے بیٹنگ سنبھالی تو وہ بھی زیادہ مزاحمت نہ کر سکے اور 4 رنز ہی بنا پائے۔ کپتان بابر اعظم بین سٹوک کی گیند پرآؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ امام الحق 43 رنز اور سعود شکیل 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ چوتھے دن کے اختتام تک پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان پر 80 رنز بنا لیے جبکہ جیت کیلئے مزید 263 رنز درکار ہیں۔

تیسرا روز

ناٹ آؤٹ رہنے والے اوپنرز نے بلے بازی شروع کی۔ امام الحق جو90 رنز پر موجود تھے نے اپنی سنچری مکمل کی اور 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ جبکہ عبداللہ شفیق نے بھی اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے 114 رنز بنائے۔

دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد اظہر علی نے کریز سنبھالی تو وہ زیادہ دیر بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے اور لیچ کی بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ ان کے جانے کے بعد کپتان بابر اعظم نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ذمہ دارانہ کھیلتے کرتے ہوئے 136 رنز بنائے ۔

اظہرعلی 27، سعود شکیل37، رضوان 29 اور نسیم شاہ 15رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ آغا سلمان اور زاہد محمود کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی جانب ول جیکس نے 3 جیک لیچ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیمز اینڈرسن اور اولی روبنسن ایک ایک وکٹ لے پائے۔

دوسرا روز

راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا آغاز مہمان ٹیم نے 506 رنز اور 4 وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ بیٹنگ سے کیا۔ بین سٹوکس جو کہ پہلے روز ناٹ آؤٹ رہے تھے وہ زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہ سکے اور41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ہیری بروک جو کہ بین سٹوکس کا ساتھ دے رہے تھے وہ بھی کچھ دیر بعد ہی 153 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ ول جیکس 30، اولی روبنسن 37 اور جیک لیچ 6 رنز بناکر نمایاں رہے۔انگلش ٹیم دوسرے روز بیٹنگ کرتے ہوئے 26 اوورز میں 151 رنز ہی بنا پائی اور انکے سارے کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4، نسیم شاہ نے 3، محمد علی نے 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے بلے بازوں نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک 51 اوورز کھیل کر 181 رنز بنائے ہیں۔ انگلینڈ کی اننگز کے اختتام کے بعد پاکستان کے جانب سے امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور انگلش باؤلرز کے خلاف دفاعی انداز اپنایا۔

دونوں اوپنرز نے بلے بازی کرتے ہوئے 181 رنز کی شراکت بنائی۔ امام الحق 148 بالز کھیل کر 60 اشاریہ 35 کے سٹرائیک ریٹس کے ساتھ 90 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ جبکہ عبداللہ شفیق 158 بالز پر 56 اشاریہ 35 سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پہلا روز

انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ انگلینڈ کے اوپنرز زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 233 رنز اسکور کیے، بین ڈکٹ 107 جبکہ زیک کرولی 122 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اولی پوپ 108، جو روٹ نے 23 رنز بنائے جبکہ کپتان بین اسٹوکس 34 اور ہیری پروک 101 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 2 جبکہ حارث رؤف اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم میں انگلیںڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 4 کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا، جن میں سعود شکیل، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود شامل ہیں۔ کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، محمد رضوان، آغا سلمان، نسیم شاہ ٹیم کا حصہ ہیں۔

انگلینڈ کے اسکواڈ کے نمائندگی کپتان بین اسٹوکس، زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، ول جیکس، لیام لیونگ اسٹون، اولی رابنسن، جیک لیچ، جیمز اینڈرسن کر رہے ہیں۔