لاہور:(ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ میں گزشتہ روز زمبابوے سے اپ سیٹ شکست کے بعد سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر برس پڑے اور آل راؤنڈر شعیب ملک کی ٹیم میں عدم موجودگی پر سوال اٹھا دیئے۔
خیال رہے کہ تجربہ کار بلے باز کی آسٹریلیا ورلڈ کپ کے سکواڈ میں واپسی کی توقع تھی، لیکن سلیکٹرز نے اسے مسترد کر دیا، جس سے پاکستان کے مڈل آرڈر کی پریشانیوں کے درمیان بہت سے لوگوں نے اس فیصلے پر سوالیہ نشان لگا دیا۔ لیکن جمعرات کو اسی معاملے میں پاکستان کو زمبابوے کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سپورٹس چینل جہاں پر شعیب ملک بھی موجود تھے سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے رائے دی کہ اگر وہ کپتان ہوتے تو پہلے ورلڈ کپ سکواڈ میں شعیب ملک کی جگہ کو یقینی بناتے اور ٹیم میں ان کی عدم موجودگی پر بحث کرتے، اس کے بعد انہوں نے بابر پر تنقید کی کہ انہوں نے عقلمندی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ایک سال سے ملک، وقار یونس اور مصباح الحق سمیت سب جانتے تھے کہ مڈل آرڈر قدرے کمزور ہے، اب یہ لڑکا بیٹھا ہے شعیب ملک، میں اگر کپتان ہوتا، میرا آخری گول کیا ہوتا... ورلڈ کپ جیتنا، اگر اس کے لئے مجھے گدھے کو بھی باپ بنانا پڑے میں بناؤں گا کیونکہ مجھے ورلڈ کپ جیتنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مجھے شعیب ملک چاہیے تو میں چیئرمین اور سلیکٹر کو جاکے کہونگا کہ اگر مجھے اپنا کھلاڑی نہ ملا تو ورلڈ کپ نہیں کھیلوں گا، لیکن ایسا کوئی نہیں ہے، بابر کو اور عقلمند ہونا پڑے گا، یہ وہ گلی محلے کی ٹیم نہیں ہے، اگر میں ہوتا تو اس لڑکے (ملک) کو سب سے پہلے مڈل آرڈر میں لیتا۔