لاہور: (ویب ڈیسک) سہ فریقی کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلا دیش کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے رضوان نے 78 رنز بنانے کیساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی کے متعدد ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔
محمد رضوان کے کیلنڈر سال 2022 میں مجموعی ٹی 20 کے 1500 رنز مکمل ہوگئے ہیں جس کے بعد وہ ایک سال میں 2 مرتبہ 1500 سے زائد رنز کرنے والے تیسرے بیٹر بن گئے ہیں۔
رضوان نے سال 2021 اور 2022، پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے 2019 اور 2021 جب کہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 2015 اور 2012 میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
محمد رضوان بیک ٹو بیک 2 سال میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں، انہوں نے کیرئیر کی 58 ویں ٹی 20 انٹرنیشنل اننگز میں سب سے زیادہ رنز کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔
پاکستانی بیٹر نے 58 اننگز میں مجموعی طور پر 2337 رنز بنائے ہیں، اس سے قبل بابراعظم نے 58 اننگز میں 2281 اور بھارت کے ویرات کوہلی نے 2102 رنز بنائے تھے۔
اس کے ساتھ محمد رضوان نے بطور وکٹ کیپر بھی سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیاہے، انہوں نے 2337 میں سے 2196 رنز بطور وکٹ کیپر بنائے ہیں۔
بنگلا دیش کیخلاف ہونے والے میچ میں رضوان نے اپنی اننگ کا دوسرا رن لے کر جوز بٹلر کو پیچھے چھوڑ دیا تھا، جوز بٹلر نے بطور وکٹ کیپر ٹی 20 میں 2119 رنز بنائے تھے۔