نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پاکستان جونیئر کرکٹ لیگ کا میلہ کل سے سجے گا

Published On 05 October,2022 03:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پاکستان جونیئرلیگ کا میلہ کل سے شروع ہوگا، ملکی وغیرملکی کھلاڑیوں نے لاہورمیں ڈیرے لگا لئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ عالمی کرکٹ میں جونئیر سطح کی کرکٹ لیگ کا پائینیر بن گیا، پاکستان جونیئر لیگ کا میلہ کل سے قذافی سٹیڈیم میں سجے گا، افتتاحی میچ میں گوجرانوالا جائینٹس اور مردان وارئیرز میدان میں اتریں گی۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ندیم خان نے لیگ کی تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے یہ لیگ بہترین پلیٹ فارم ہے، لیگ میں عمر کی سختی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔

ڈائریکٹر کمرشل عثمان وحید نے کہا کہ لیگ میں دس کرکٹ بورڈز کے بچے شامل ہوئے، اس لیگ سے قومی ٹیم کو بہترین کھلاڑی دستیاب ہونگے۔

دوسری جانب فیوچر اسٹارز کی مشقیں بھی جاری ہیں، جونئیر لیگ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب جمعرات کو ہوگی جس میں عاصم اظہر،ینگ اسٹنرز پرفارم کریں گے، انتظامیہ نے طلبا و طالبات کیلئے انٹری فری کردی۔

چھ ٹیموں پر مشتمل لیگ کا فائنل 21 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔