لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو سابق لیجنڈ کپتان وسیم اکرم کا ایک سال کے دوران ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے ایک وکٹ درکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی دھوم ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی میں مچی ہوئی ہے، نوجوان باؤلر نے اپنی گیند بازی سے سب کے دل جیتے ہوئے ہیں، بنگلا دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ شکار کیے تھے۔
Top work @iShaheenAfridi
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 29, 2021
Test five-fer number four! #BANvPAK pic.twitter.com/YUyPaWhk4r
شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسری اننگز میں صرف 32 رنز پر 5 بلے بازوں کو آوٹ کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا، انہوں نے چوتھی بار 5 یا زائد کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔
اگر ایک سال کی انفرادی کارکردگی کی بات کی جائے تو پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور لیجنڈ کپتان وسیم اکرم کے پاس ہے، جنہوں نے 1995ء میں ایک سال کے دوران 45 شکار کیے تھے۔
2021ء کی انفرادی کارکردگی کی بات کی جائے تو شاہین شاہ آفریدی نے 3 جنوری 2021ء کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 2 آؤٹ کیے، 26 جنوری کو جنوبی افریقا کیخلاف کراچی میں اتنے ہی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 4 فروری 2021ء کو پروٹیز ٹیم کیخلاف پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
29 اپریل 2021ء کو زمبابوے کے خلاف ہارے میں کھیلے جانے والے میچ میں انہوں نے چار شکار کیے، 7 فروری 2021ء کو ہرارے میں ہی کھیلے جانے والے میچ میں انہوں نے 6 مہرے کھسکائے۔
12 اگست 2021ء کو ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں شاہین نے 8 کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کیں۔ 20 اگست 2021ء کو کنگسٹن میں ہی شاہین شاہ آفریدی نے ایک مرتبہ پھر زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے 10 وکٹیں حاصل کیں۔
26 نومبر 2021ء کو بنگلا دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے 7 وکٹیں حاصل کیں، اس طرح وہ ایک سال کے دوران قومی ٹیم کی طرف سے 44 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
اس وقت شاہین شاہ آفریدی سابق کپتان سے ایک وکٹ کی دوری پر ہیں اور چند روز کے بعد پاکستان کا بنگلا دیش کیخلاف ایک اور ٹیسٹ میچ ہے، اور قوی امکان ہے کہ وہ سابق فاسٹ باؤلر کا ریکارڈ توڑ کر ایک سال کے دوران سب سے زیادہ ٹیسٹ لینےوالے پاکستانی باؤلر بن جائیں گے۔ 2021ء کے دوران انہوں نے 44 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو اس فہرست میں قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 2002ء کے دوران 42 شکار کیے تھے جبکہ وقار یونس نے اسی سال کے دوران 40 مہرے کھسکائے تھے۔
اس فہرست میں پانچویں نمبر پر قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی ہیں جنہوں نے 2021ء کے دوران 39 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، اگر حسن علی بنگلا دیش کیخلاف آئندہ ٹیسٹ میچز میں مزید 6 وکٹیں حاصل کر لیتے ہیں تو اس طرح وہ بھی پاکستان کی طرف سے ایک سال کے دوران زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر بن سکتے ہیں۔
Following the footsteps of the past greats
— CricWick (@CricWick) November 29, 2021
Shaheen Afridi and Hasan Ali are in elite company with their tally of Test wickets this year #BANvPAK pic.twitter.com/hJtMpP2CuR